قانون کی بالا دستی پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی کے لئے انتہائی اہم ہے ، شاہ محمود قریشی

قانون کی بالا دستی پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی کے لئے انتہائی اہم ہے ، شاہ محمود قریشی

کراچی :  تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں تحریک انصاف سندھ میں بھی سب سے بڑی سیاسی قوت بن کر ابھرے گی ۔ تحریک انصاف کے حوالے سے مخالف سیاسی رہنماؤں کے اندازے غلط ثابت ہوں گے۔ جس طرح پورے ملک میں سیاسی رہنما تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں اسی طرح سندھ میں بھی بہت سارے سیاسی رہنما ہم سے رابطے میں ہیں اور وقت آنے پر تحریک انصاف میں شامل ہوجائیں گے۔

یہ باتیں انہوں نے تحریک انصاف کے مرکزی سینئر رہنما عمران اسماعیل کی رہائشگاہ واقع ڈیفنس میں ظہرانے میں شرکت کے موقع پر صحافیوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں ۔اس موقع پر تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان، جمال صدیقی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ اس موقع پر کئی سیاسی رہنماؤں نے شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی اور سندھ کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا مستقبل تحریک انصاف سے وابستہ ہے ۔ جس طرح تحریک انصاف کی سیاسی جدوجہد نے پاکستان کے اقتدار پر قابض طاقتور خاندان کو جس طرح عدالت میں لا کر کھڑا کیا ہے اس کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ ملک اور قومیں اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتیں جہاں انصاف عام اور احتساب سرعام نہ ہو۔ قانون کی بالا دستی پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی کے لئے انتہائی اہم ہے ۔ اس ملک میں جاری فرسودہ نظام کے خاتمے کے لئے کراچی سے لے کر خیبر تک پاکستان کے باشعورعوام اور نظریاتی سیاسی کارکنان چیئرمین عمران خان کی طرف دیکھ رہے ہیں ۔ تحریک انصاف پسے ہوئے طبقے کے لئے امید کی آخری کرن ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں