نواز شریف کی فیصلہ مؤخر کرنے کی درخواست کل سماعت کیلئے مقرر

نواز شریف کی فیصلہ مؤخر کرنے کی درخواست کل سماعت کیلئے مقرر

قانونی ماہرین کے مطابق عدالت کو ملزمان کی درخواست پر فیصلہ موخر کرنے کا اختیار حاصل ہے۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ مؤخر کرنے کے لیے دائر درخواست کو کل سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جسے سنانے کے لیے 6 جولائی کی تاریخ مقرر کی گئی ہے جب کہ نواز شریف نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں فیصلہ مؤخر کرنے کی درخواست کی تھی۔

 

نواز شریف نے اپنے وکیل خواجہ حارث کے معاون وکیل ظافر خان کے توسط سے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ مؤخر کرنے کے لیے باضابطہ درخواست دائر کی ہے۔

 

نواز شریف نے درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ وہ اس ٹرائل کا حصہ رہے ہیں اور مسلسل عدالت آتے رہے لیکن اچانک صورتحال تبدیل ہوئی اور ان کی اہلیہ کلثوم نواز کی طبعیت شدید خراب ہو گئی۔

 

درخواست میں کہا گیا ہے کہ جب سنا کہ احتساب عدالت فیصلہ سنانے ج ارہی ہے تو پاکستان جانے کے لیے ڈاکٹرز سے مشورہ کیا۔ ڈاکٹرز نے کلثوم نواز کی طبعیت میں بہتری تک نہ جانے کا مشورہ دیا ہے۔

مزید پڑھیں: شاہد خاقان عباسی کی نااہلی کا فیصلہ کالعدم قرار

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ مجبوری کے باعث 6 جولائی کو پاکستان نہیں آ سکتے اور جیسے ہی اہلیہ کی طبعیت بہتر ہو گی پاکستان آئیں گے لہٰذا کچھ دن کے لیے فیصلہ مؤخر کیا جائے۔

 

دوسری جانب رجسٹرار احتساب عدالت ایاز حسن زبیری نے نواز شریف کی درخواست آنے پر جج محمد بشیر سے فون پر رابطہ کیا۔ رجسٹرار کا کہنا تھاکہ درخواست ہم خود ہی وصول کرتے ہیں لیکن ہائی پروفائل کیس کی وجہ سے جج سے رابطہ ضروری ہے۔

 

اس موقع پر نواز شریف کے وکیل ظافر خان نے کہا کہ ابھی درخواست صرف دائر کی گئی ہے اس پر سماعت کل کی جائے۔ رجسٹرار آفس کی ہدایت پر عدالتی عملے نے نواز شریف کی درخواست وصول کر کے ڈیوٹی جج کو بھجوا دی۔

 

یہ بھی پڑھیں: تاحکم ثانی موبائل کارڈز پر ٹیکس معطل رہے گا، سپریم کورٹ کا حکم

جج محمد بشیر کی چھٹی کے باعث احتساب عدالت نمبر دو کے جج محمد ارشد ملک کے پاس درخواست گئی تو انہوں نے سوال کیا کہ یہ درخواست میرے پاس کیوں لے آئے ہیں؟۔ جج محمد ارشد ملک نے درخواست پر سماعت سے معذرت کر لی اور درخواست واپس احتساب عدالت نمبر ایک کے جج محمد بشیر کو بھجوا دی۔

 

ڈیوٹی جج ارشد ملک نے درخواست کو کل ہی سماعت کے لیے مقرر کرنے کا بھی حکم دیا جس کے بعد نواز شریف کی درخواست کل سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں