ورلڈ کپ، پاکستان اور بنگلہ دیش آج مدمقابل ہونگے

ورلڈ کپ، پاکستان اور بنگلہ دیش آج مدمقابل ہونگے
کیپشن: پاکستان نے ون ڈے کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز گزشتہ سال زمبابوے کے خلاف بنائے تھے۔۔۔۔۔۔فوٹو/ سوشل میڈیا

لندن: آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے 43 ویں میچ میں آج پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں آمنے سامنے ہوں گی۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہو گا۔

فائنل فور میں پہنچنے کیلئے پاکستان ٹیم کو بنگلادیش کی بولنگ کے خلاف پہلے 400 رنز بنانا ہوں گے اور پھر بنگلادیش کو 84 رنز پر آؤٹ بھی کرنا ہو گا۔ اگر گرین شرٹس نے 350 رنز بنائے تو 311 رنز سے میچ جیتنا ہو گا یعنی صرف 39 رنز پر بنگلادیش کو آؤٹ کرنا ہوگا۔

بنگلادیش کا ون ڈے کرکٹ میں کم سے کم سکور 58 ہے جو اس نے ورلڈ کپ 2011 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بنایا تھا۔ پاکستان کو بھی اسی طرح بنگلادیشی ٹیم کو آؤٹ کرنا ہوگا۔

پاکستان نے ون ڈے کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز گزشتہ سال زمبابوے کے خلاف بنائے تھے جہاں فخر زمان کی ڈبل سنچری کی بدولت پاکستان نے ایک وکٹ پر 399 رنز سکور کئے تھے۔ اس بار بھی بیٹنگ میں کچھ ایسی ہی کارکردگی دکھانی ہو گی۔

پاکستان ٹیم آئی سی سی ورلڈ کپ میں اپنے 8 میچ کھیل کر چار میچز میں کامیابی اور تین میچز میں ناکامی کے بعد 9 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر ہے جبکہ بنگلہ دیش ٹیم اپنے 8 میچز کھیل کر تین میچز جیت کر اور ایک میچ بارش کی نظر ہونے کی وجہ سے 7 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر ساتویں نمبر پر موجود ہے۔