اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کا چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کا فیصلہ

اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کا چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کا فیصلہ
کیپشن: نئے چیئرمین سینیٹ کے نام پر مشاورت کی جائے گی۔۔۔۔۔۔فوٹو/ ن لیگ فیس بُک پیج

اسلام آباد: اپوزیشن کی رہبر کمیٹی نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ہٹانے کے فیصلے کی توثیق کر دی۔ حکومت مخالف احتجاجی تحریک چلانے سے متعلق اپوزیشن کی 9 سیاسی جماعتوں کے 11 اراکین پر مشتمل رہبر کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں شرکت کے لیے آنے والے رہنماؤں کے موبائل فون کمیٹی روم سے باہر رکھوا لیے گئے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں شریک رہنماؤں سے اجلاس کی کارروائی کی رازداری کا حلف بھی لیا گیا۔

رہبر کمیٹی کے اجلاس میں کمیٹی کی صدارت، حکومت کے خلاف تحریک چلانے سمیت دیگر اہم معاملات پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق رہبر کمیٹی نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ہٹانے کا متفقہ فیصلہ کر لیا ہے اور اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ نئے چیئرمین سینیٹ کے نام پر مشاورت کی جائے گی۔

کمیٹی میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے دو، دو جب کہ دیگر اپوزیشن جماعتوں کا ایک، ایک نمائندہ شامل ہے۔

رہبر کمیٹی میں پیپلز پارٹی کی جانب سے یوسف رضاء گیلانی، نیئر بخاری ممبر تھے تاہم یوسف رضا گیلانی کی جگہ فرحت اللہ بابر نے اجلاس میں شرکت کی۔

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال رہبر کمیٹی کے ممبر ہیں جب کہ جعمیت علماء اسلام (ف) سے اکرم خان درانی اور نیشنل پارٹی سے میر حاصل بزنجو کمیٹی میں شامل ہیں۔

پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی سے عثمان کاکڑ، قومی وطن پارٹی سے ہاشم بابر،  اے این پی سے میاں افتخار، مرکزی جمعیت اہلحدیث سے شفیق پسروری اور جمعیت علماء پاکستان سے اویس نورانی رہبر کمیٹی کے ممبر ہیں۔