افغان بھائیوں کی بے پناہ خدمت کی، وقت آ گیا ہے کہ وہ اپنے گھروں کو لوٹ جائیں: وزیر خارجہ

افغان بھائیوں کی بے پناہ خدمت کی، وقت آ گیا ہے کہ وہ اپنے گھروں کو لوٹ جائیں: وزیر خارجہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم نے افغان بھائیوں کی بے پناہ خدمت کی ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ وہ اپنے گھروں کو واپس جائیں اور ان مہاجرین کی واپسی کو امن عمل کا حصہ بنانا چاہئے۔ 
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم مہاجرین کی خدمت کرتے ہیں، دوسری جانب افغان حکومت ہم پر الزام لگاتی ہے۔ 
شاہ محمود قریشی نے بھارت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم دنیا کو بتائیں گے کہ بھارت کس طرح دہشت گردی کی فنڈنگ کرتا ہے، بھارت کی دہشت گردی کا معاملہ انٹرنیشنل سطح پر اٹھائیں گے۔
وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کی مقبوضہ کشمیر کی پالیسی بالکل ناکام ہوچکی ہے، مقبوضہ قیادت نے نریندری مودی سے ملاقات میں 5 اگست کے اقدامات پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ بھارت معاشی مشکلات سے دوچار ہے، بیروزگاری بڑھی ہے، بھارت اپنے اندرونی معاملات سے توجہ ہٹانے کیلئے یہ اقدامات کررہا ہے۔