نیب کی شقوں میں تبدیلی کا مطلب اپوزیشن کو این آر او دینا ہو گا: سینیٹر فیصل جاوید

نیب کی شقوں میں تبدیلی کا مطلب اپوزیشن کو این آر او دینا ہو گا: سینیٹر فیصل جاوید
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ اپوزیشن نیب کی 38 میں سے 34 شقوں میں تبدیلی چاہتی ہے اور ان شقوں میں تبدیلی کا مطلب اپوزیشن کو این آر او دینا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) پہلے ہی ختم ہوچکی ہے، ان لوگوں نے پہلے کہا کہ لاہور فیصلہ کرے گا لیکن لاہور نے انہیں مسترد کر دیا، پی ڈی ایم کے جلسے پہلے بھی فلاپ ہوئے ہیں اور آئندہ بھی فلاپ ہوں گے۔
سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے تعمیری اپوزیشن نہیں کی، وزیراعظم کے پہلے خطاب میں اپوزیشن نے شور شرابہ کیا، اپوزیشن انتخابی اصلاحات کے معاملے پر بیٹھے اور بات کرے کیونکہ صاف شفاف انتخابات کیلئے انتخابی اصلاحات کرنا ہوں گی مگر اپوزیشن انتخابی اصلاحات پر لین دین کے چکر میں ہے۔
فیصل جاوید نے کہا کہ ہمیں اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں ہے، پی ڈی ایم جلسے میں اتنے لوگ بھی نہیں آتے جتنے فواد کھگا کے ولیمہ میں آتے ہیں، تحریک انصاف اپنی کارکردگی پر دوبارہ اقتدار میں آئے گی اور عوام کی بھرپور خدمت کرے گی۔