آصف علی زرداری کیخلاف پراپرٹی کا نیا کیس سامنے آ گیا، تحقیقات شروع 

آصف علی زرداری کیخلاف پراپرٹی کا نیا کیس سامنے آ گیا، تحقیقات شروع 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کے خلاف پراپرٹی کا ایک اور کیس نکل آیا ہے جس کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔ 
نجی ٹی وی کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے نیویارک میں آصف زرداری کے مبینہ اپارٹمنٹ کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور اس حوالے سے نیب کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مین ہٹن نیویارک میں آپ کا اپارٹمنٹ ہے جو پاکستان میں ظاہرنہیں کیا گیا، بظاہریہ اپارٹمنٹ خریدنے کیلئے پاکستان سے کوئی قانونی رقوم نہیں بھیجی گئی ہیں۔
دوسری جانب سابق صدر آصف زرداری نے اس کیس میں ضمانت قبل ازگرفتاری کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ 15 جون کو نیب نے نوٹس بھیجا اور معلومات طلب کیں، جواب دینے کیلئے نیب سے وقت دینے کی استدعا کی کہ معلومات اکٹھی کرسکوں۔
آصف علی زرداری نے درخواست میں کہا ہے کہ نیب کی جانب سے مجھے نشانہ بنائے جانے کی ایک تاریخ موجود ہے، مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوں، اپنے ڈاکٹروں سے علاج کروا رہا ہوں، کیس کے حتمی فیصلے تک ضمانت منظورکی جائے اور نیب کی جانب سے بھیجا گیا نوٹس بھی غیر قانونی قرار دیا جائے۔