پاکستان ترکی کیساتھ برادرانہ تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتا ہے، آرمی چیف

پاکستان ترکی کیساتھ برادرانہ تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتا ہے، آرمی چیف
کیپشن: پاکستان ترکی کیساتھ برادرانہ تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتا ہے، آرمی چیف
سورس: فوٹو/اسکرین گریب نیو نیوز

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان ترکی کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتا ہے۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف سے ترک بری فوج کے کمانڈر جنرل امیت کی ملاقات ہوئی ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی اور سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ سطح پر فوجی روابط کو مزید مستحکم کرنے اور تربیتی، انسداد دہشتگردی امور میں تعاون میں وسعت پر بھی اتفاق کیا گیا۔ جنرل امت نےعلاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اور ترکی تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں میں بندھے ہیں۔ ترک بری فوج کے کمانڈر نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خاتمے میں قابل قدر کردار ادا کیا ہے۔

اس سے قبل ایوانِ صدر میں ترک فوج کے کمانڈر کو نشانِ امتیاز ملٹری عطا کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ یہ اعزاز انہیں پاکستان اور ترکی کے مابین دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی کوششوں کے اعتراف میں دیا گیا۔

جنرل امیت دندار نیٹو اور افغانستان میں کمانڈر سمیت ترکی کی فوج میں اہم عہدوں پر فائز رہے۔ انہوں نے پاکستان اور ترکی کی مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے اور فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ تقریب میں خاتون اول بیگم ثمینہ علوی سمیت اعلیٰ فوجی و سول حکام نےشرکت کی۔