ملک بھر میں مون سون کی بارشوں نے تباہی مچا دی

ملک بھر میں مون سون کی بارشوں نے تباہی مچا دی

اسلام آباد: ملک بھر میں مون سون کی بارشوں نے تباہی مچا دی ، مختلف حادثات میں سات افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ۔

تفصیلات کے مطابق مون سون کے بادلوں نے کوئٹہ اور مضافات کو ڈبو دیا ۔ کوئٹہ کی گلیاں ندی نالوں میں تبدیل ہو گئیں ۔ گاڑیاں ، موٹر سائیکل اور مال مویشی سب بہہ گئے ۔ گوہر آباد کا علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ۔ سیلابی پانی نے ہر شہ ملیا میٹ کر دی ، مکانوں کو بھی نقصان پہنچایا ۔

سیلابی پانی سریاب اور مشرقی بائی پاس کے علاقوں سمیت کئی علاقوں میں تباہی مچاتا رہا ۔ سیلابی ریلے اس قدر تیز تھے کہ متعدد لوگ ان میں بہتے ہوئے دکھائی دیے ۔ مشرقی بائی پاس کے قریب مویشی منڈی کے علاقے میں پانی کے تیز ریلے میں درجنوں بھیڑ بکریاں بہہ گئیں ۔

این ڈی ایم اے نے نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے کام شروع کر دیا ہے ۔ جبکہ صوبائی حکومت نے بھی متاثرین کی مدد کے لئے اقدامات کا آغاز کر دیا ہے ۔

بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیااللہ کا کہنا ہے کہ بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث مکانات گرنے سے کوئٹہ شہر میں ہلاکتیں ہوئی ہیں ، زخمیوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں ۔

ادھر ، اسلام آباد میں سب سے زیادہ سیکٹر ایچ 13 متاثر ہوا ، جہاں گلیاں نہر کا منظر پیش کرنے لگیں ۔ گلیوں اور گھروں میں بھی پانی آگیا ، متعدد گاڑیاں بھی پھنس گئیں ۔

دوسری جانب ، راولپنڈی میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے ، مسلسل بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہوگئی ، چکلالہ میں 68 ملی میٹر ، شمس آباد 37 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔

محکمہ موسمیات نے جڑواں شہروں میں آئندہ پورا ہفتہ موسلادھار برشوں کی پیش گوئی کر دی ، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری تک جا سکتا ہے ۔

مصنف کے بارے میں