بجلی کا شارٹ فال ساڑھے 6 ہزار میگاواٹ سے تجاوز، 18 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ

بجلی کا شارٹ فال ساڑھے 6 ہزار میگاواٹ سے تجاوز، 18 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ

 اسلام آباد: شدید گرمی کے ستائے عوام کیلئے بری خبر ہے کہ ملک میں بجلی بحران پر تاحال قابو نہ پایا جا سکا اور شارٹ فال تقریباً ساڑھے 6 ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے جس کے باعث 18 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ 
پاور ڈویژن ذرائع کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے باعث بجلی کی طلب میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ اس وقت ملک میں بجلی کی طلب ریکارڈ 27 ہزار 144 میگاواٹ جبکہ مجموعی پیداوار 20 ہزار 324 میگا واٹ ہے اور یوں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 398 میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بجلی کے شاٹ فال کے باعث شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12گھنٹے اور دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 16گھنٹے سے تجاوز کرچکا ہے جبکہ نقصانات کے باعث 2 ہزار میگا واٹ سے زائد بجلی ضائع ہورہی ہے اور زیادہ نقصانات والے علاقوں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت نجی شعبے کے بجلی گھروں 10ہزار 435، سرکاری تھرمل پلانٹس 1ہزار 616، پانی سے 5 ہزار 470، ونڈ اور جوہری پاور پلانٹس 2ہزار 364 میگاواٹ بجلی بنائی جارہی ہے۔
پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق ٹرپنگ اور اوور لوڈنگ کے باعث بعض علاقوں میں گھنٹوں طویل لوڈشیڈنگ ہے جبکہ ملک کے بیشتر فیڈرز پر ٹرپنگ ترسیلی نظام میں خرابیوں کا سامنا ہے۔

مصنف کے بارے میں