بابرغوری کی بیٹی نے سندھ ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی

بابرغوری کی بیٹی نے سندھ ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما بابر خان غوری کی صاحبزادی نے اپنے والد کی گرفتاری پر سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق بابر غوری کی بیٹی نے والد کی گرفتاری کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی جس میں فوری سماعت کی استدعا کی گئی جسے منظور کر لیا گیا۔ 
بابر غوری 7 سال سے منی لانڈرنگ، زمینوں پر قبضے اور کراچی پورٹ ٹرسٹ ( کے پی ٹی) میں غیر قانونی بھرتیوں سمیت کئی مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔
واضح رہے کہ سابق وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ 2015ءسے بیرون ملک مقیم تھے جنہیں گزشتہ روز پاکستان پہنچنے پر کراچی ائیرپورٹ سے گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا تھا۔ 
گزشتہ ماہ ایم کیو ایم کے خود ساختہ جلا وطن رہنما اور سابق وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ بابر غوری نے عدالتی مقدمات کا سامنا کرنے کیلئے پاکستان واپس آنے کا فیصلہ کیا تھا۔
بابر غوری کے وطن واپسی پر گرفتاری سے بچنے کیلئے عدالت میں ضمانت کیلئے درخواست دائر کی تھی جس پر عدالت نے 5 جولائی تک حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں متعلقہ کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔ 
بابر غوری کی جانب سے واپسی کے اعلان پر پولیس اور تحقیقاتی اداروں نے انہیں گرفتار کرنے کی تیاری شروع کر دی تھی اور ذرائع نے بتایا تھا کہ سیکیورتی اداروں نے بابر غوری کی خلاف اہم ریکارڈ بھی حاصل کر لیا ہے۔ 

مصنف کے بارے میں