’ میسی ہمارے دل نہ توڑیں‘ ،فلسطینی بچوں کااسرائیل کیخلاف میچ میں حصہ نہ لینے کیلئے فٹبالر کو خط

’ میسی ہمارے دل نہ توڑیں‘ ،فلسطینی بچوں کااسرائیل کیخلاف میچ میں حصہ نہ لینے کیلئے فٹبالر کو خط
کیپشن: Imagy by Sputnik International

غزہ:روس میں فیفا ورلڈ کپ کا آغازہونے سے پہلے ارجنٹائن اور اسرائیل کے درمیان9جون کو وارم اپ میچ کھیلا جائے گا ، اس خبر نے فلسطینی فٹبال شائقین کو دل گرفتہ کر دیا ہے۔

70 فلسطینی بچوں کے ایک گروپ نے ارجنٹائن کے کپتان اور عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کو خط لکھا ہے جس میں انھیں اسرائیل کے خلاف کھیلے جانے والے اس میچ میں شرکت نہ کرنے کی استدعا کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن نگران وزیراعلیٰ سے متعلق جو بھی فیصلہ کرے گا قبول کرینگے: پرویز خٹک

ارجنٹائن اور اسرائیل کے درمیان یہ دوستانہ میچ مقبوضہ بیت المقدس کے جنوب میں واقع اس اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جو 70 برس پہلے عرب اسرائیل جنگ میں تباہ ہو گیا تھا۔ 1948 میں ہونے والی اس جنگ کے بعد اسرائیلی افواج نے فلسطینی باشندوں کو بے گھر کر دیا تھا۔

فلسطینی بچوں کی جانب سے لکھا جانے والا یہ خط اسرائیل میں ارجنٹائن کے سفارت خانے کے حوالے کیا گیا۔فلسطینی بچوں نے خط میں دعویٰ کیا ہے کہ وہ ان خاندانوں کے بچے ہیں جن کے گاوں تباہ کرکے یہ اسٹیڈیم دوبارہ تعمیر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ریحام خان نے اپنی کتاب میں نیا پنڈورا باکس کھول دیا

فلسطینی بچوں نے خط میں لکھا ہے کہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ آپ ہمارے تباہ شدہ گاوں پر تعمیر کردہ اسٹیڈیم میں اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے ان لوگوں کے ساتھ میچ کھیلنا چاہتے ہیں جو ہماری دربدری کے ذمہ داروں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔فلسطینی بچوں نے خط میں میسی سے کہا ہے کہ ”ہماری خوشی آنسووں میں بدل گئی ہے اور ہمارے دل ٹوٹ گئے کہ میسی، ہمارا ہیرو، ہمارے آباواجداد کی قبروں پر تعمیر ہونے والے ا سٹیڈیم میں کھیلنے جا ر ہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر پی ٹی آئی میں پھوٹ پڑ گئی

فلسطینی بچوں نے خط کا اختتام ان الفاظ پر کیا ’ہم اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر اللہ سے دعا کریںگے کہ میسی ہمارے دل نہ توڑیں۔ فلسطین فٹبال فیڈریشن کے صدر جبرائیل نے اس بارے میں اپنے ارجنٹائنی ہم منصب کے علاوہ جنوبی امریکہ فٹبال فیڈریشن اور فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کو ایک احتجاجی خط بھی لکھا تھا۔

 نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں