امریکہ کا افغانستان کیلئے 26 کروڑ، 60 لاکھ ڈالر سے زائد کی امداد کا اعلان

امریکہ کا افغانستان کیلئے 26 کروڑ، 60 لاکھ ڈالر سے زائد کی امداد کا اعلان

نیویارک: امریکہ کا افغانستان کیلئے 26 کروڑ ، 60 لاکھ ڈالر سے زائد کی امداد کا اعلان ۔ 26 کروڑ ڈالر میں سے 16 کروڑ یو ایس ایڈ اور 10 کروڑ ڈالر امریکی محکمہ خارجہ دے گا۔

امریکی امداد انسداد کورونا سمیت دیگر انسانی ہمدردی کے کاموں میں استعمال ہو گی ۔ امریکی وزیر خارجہ ٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ امریکا پُرامن اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی فوج کے انخلا کے باوجود افغان عوام کی سفارتی اور معاشی امداد جاری رکھیں گے ۔

یاد رہے کہ امریکا کی جانب سے آئندہ 20 دن میں افغانستان کی بگرام ایئربیس افغان فورسز کے حوالے کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔

امریکی فوج کی سینٹرل کمان نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی فوج کے انخلا کا 44 فیصد کام مکمل ہو گیا ہے ۔ مجموعی طور پر اب تک اتنا سامان افغانستان سے واپس بھجوایا جا چکا ہے جنتا کہ 300 سی 17 فوجی طیاروں پر لادا جا سکتا تھا ۔

خیال رہے کہ بگرام ایئربیس امریکی اور نیٹو افواج کے زیر استعمال رہنے والا سب سے بڑا فوجی اڈہ ہے ۔

افغان امن معاہدے کے تحت امریکہ اور نیٹو فورسز کو افغانستان چھوڑنے کی یکم مئی تک کی ڈیڈلائن ملی تھی جس کے بعد افغان طالبان نے امریکہ اور نیٹو فورسز پر حملے تیز کر دئیے ہیں ، ان حملوں کے باعث افغانستان میں کام کرنے والی برطانوی فوج کے انخلا کا عمل تیز کر دیا گیا ہے ۔