بلین ٹری کے الفاظ پاکستان کی پہچان بن گئے ہیں: فواد چوہدری

بلین ٹری کے الفاظ پاکستان کی پہچان بن گئے ہیں: فواد چوہدری
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بلین ٹری کے الفاظ پاکستان کی پہچان بن گئے ہیں اور دیگرممالک بھی پاکستان کی تقلید کررہے ہیں۔
عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر جاری کئے گئے اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ کرہ ارض پر بسنے والے ہر انسان کو ماحول دوستی کا فرض ادا کرنا ہوگا، ماحول کے تحفظ کیلئے انسانیت کا عالمی اتحاد وقت کی پکار ہے، بڑھتے عالمی درجہ حرات، جنگلات میں کمی اور گلیشئرز کا پگھلنا بڑھتے خطرات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نوجوانوں اور دنیا کو احساس دلارہے ہیں کہ ماحول بہتر بنانا کتنا ضروری ہے، وزیراعظم عمران خان کی ماحول کو بہتر بنانے اور درخت لگانے کی کاوشوں کا عالمی سطح پر اعتراف کیا گیا ہے اور عالمی اداروں نے پاکستان کے ماحولیات کے حوالے سے عزم کو دل کھول کر سراہا ہے۔
فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں پہلی بار شجرکاری اور ماحول دوستی کو پالیسی سطح پر اتنی توجہ دی جارہی ہے، شجرکاری کا سلسلہ جاری رہا تو پاکستان میں ماحولیاتی شعبے میں نمایاں نتائج نظر آئیں گے، میزبانی کا شرف پاکستان کو ملنا دراصل پاکستان کے ماحول دوست اقدامات کا عالمی سطح پر اعتراف ہے۔