احتساب کے بیانیے کی ہنڈیا بیچ چوراہے پھوٹ چکی ہے، رانا ثنا اللہ

احتساب کے بیانیے کی ہنڈیا بیچ چوراہے پھوٹ چکی ہے، رانا ثنا اللہ
کیپشن: احتساب کے بیانیے کی ہنڈیا بیچ چوراہے پھوٹ چکی ہے، رانا ثنا اللہ
سورس: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان مسلم لیگ نواز کے مرکزی رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا کہ ایک ارب درخت لگ چکے ہیں اور عوام ایک ارب درختوں کو ڈھونڈ رہے ہیں۔

ں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ یہ جھوٹ اور فراڈ پر مبنی حکومت ہے۔ 2018 کے الیکشن سے قبل انہوں نے سبز باغ دکھائے تھے اور پہلے 90 روز میں کرپشن کے خاتمے کا اعلان کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اڑھائی سال میں غریبوں کا جینا مشکل ہو گیا ہے جبکہ ادویات اور آٹے سمیت ہر چیزمہنگی ہو گئی ہے۔ اڑھائی سال بعد دوبارہ معاشی اعدادوشمار کا فراڈ کر رہے ہیں۔ کیا آٹا 33 روپے اور چینی 53 روپے کلو ہوچکی ہے؟

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیراعظم کرپشن، کرپشن کا راگ الاپتے رہتے ہیں۔ پنجاب میں جتنی کرپشن ہو رہی ہے زندگی میں کبھی نہیں دیکھی۔ پنجاب میں کروڑوں روپے دے کر لوگ ڈپٹی کمشنر لگے اور وزیراعلیٰ ہاؤس کرپشن کی آماجگاہ بنا ہوا ہے۔

ن لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیراعظم کہتے ہیں کہ این آر او نہیں دوں گا لیکن جن کو دینا تھا دے چکے ہیں۔ ان کے احتساب کے بیانیے کی ہنڈیا بیچ چوراہے پھوٹ چکی ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف بے بنیاد کیسز بنائے گئے اور اڑھائی سال میں اپوزیشن کیخلاف صرف پروپیگنڈا کیا گیا۔ ہمیں کسی کو کہنے کی ضرورت نہیں، حکومت ریت کی دیوار ہے اور عوامی جدوجہد کے ذریعے شفاف الیکشن چاہتے ہیں۔