شاداب خان نے پی ایس ایل میں باؤلنگ فارم کی بحالی کو ہدف بنا لیا

شاداب خان نے پی ایس ایل میں باؤلنگ فارم کی بحالی کو ہدف بنا لیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ابوظہبی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ایونٹ میں اپنی باؤلنگ فارم کو بحال کرنا ہدف بنا لیا ہے جن کا کہنا ہے کہ اپنی کارکردگی سے ٹیم کو کامیابی دلوانے کا خواہشمند ہوں۔ 
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویو میں شاداب خان نے کہا کہ انجری کی وجہ سے باﺅلنگ فارم خراب ہوئی اور اب انفرادی طور پر میری توجہ اپنی باؤلنگ فارم بحال کرنے پر ہی ہے، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی کنڈیشنز میں سپنرز کا کردار اہم ہو گا اور میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو کامیابی دلوانے کا خواہشمند ہوں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ میں نے یو اے ای میں ہمیشہ ہی اچھا پرفارم کیا ہے جس کی وجہ سے اس بار بھی اچھے کھیل کیلئے پر پراعتماد ہوں، پی ایس ایل کیرئیر بھی یو اے ای سے ہی شروع کیا اور پرامید ہوں کہ یہاں کی کنڈیشنز کا فائدہ اٹھاکر ٹیم کیلئے اچھا سے اچھا پرفارم کروں گا اور کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کروں گا۔ 
شاداب خان نے کہا کہ میں اپنے آپ کو ہمیشہ بطور باؤلر آل راؤنڈر ہی سمجھا ہے اور آئندہ بھی باؤلنگ آل راؤنڈر ہی رہوں گا مگر انجری کے دوران باؤلنگ پر زیادہ زور نہیں دے سکتا تھا اس لئے بیٹنگ کو زیادہ وقت دیا، انجری نے جہاں میری باؤلنگ متاثر کی تو وہاں بیٹنگ کو اچھا بھی کیا اس لئے انجرڈ ہونے کا نقصان اور فائدہ دونوں ہی رہا۔
پی ایس ایل میچز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی پرفارمنس اور اہداف پر بات کرتے ہوئے شاداب خان کا کہنا تھا کہ کوشش تو یہی ہے کہ اس مومینٹم کو ہی پکڑیں جہاں لیگ رکی تھی مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ کافی وقت کے بعد لیگ ہورہی ہے اور اب کنڈیشنز بالکل مختلف ہیں، میں اور میری ٹیم اپنی طرف سے تو پوری کوشش کریں گے، نتائج میرے ہاتھ میں نہیں بلکہ صرف کوشش ہے جو 100 فیصد کریں گے۔