سینیٹ الیکشن میں خیبرپختونخوا سے لوگوں نے اپنے آپ کو بیچا، عمران کا دعویٰ

سینیٹ الیکشن میں خیبرپختونخوا سے لوگوں نے اپنے آپ کو بیچا، عمران کا دعویٰ

کراچی: میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے دعویٰ کیا کہ سینیٹ الیکشن میں جمہوریت کی نفی ہوئی ہے اور پیسہ چلا ہے اور افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ خیبرپختونخوا کے لوگوں پر بھی پیسہ چلا اور کئی لوگوں نے اپنے آپ کو بیچا۔ رشوت دی بھی گئی اور لی بھی گئی جبکہ پتا ہے رشوت کس نے دی لیکن بدقسمتی سے رشوت لینے کا ثبوت نہیں۔


انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ٹیم بٹھا رہے ہیں اور تفتیش کر رہے ہیں کہ کون سے لوگ بکے ہیں اور ایک ایم پی اے کا ضمیر خریدنے کا ریٹ چار کروڑ لگا۔ کیا یہ پتا کرانا میری ذمہ داری ہے یا پھر ادارے ختم ہو گئے۔ یہ نیب، ایف آئی اے اور الیکشن کمیشن کی ذمہ داری نہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آج سیاست دانوں پر ساری قوم لعنت بھیج رہی ہے سب کو پتا ہے پیسہ چلا اور چیف جسٹس کو دیکھنا چاہیے کہ کیا جمہوریت میں لوگ ایسے بکتے ہیں۔ ساری قوم کے سامنے خریدو فروخت ہوئی اب سیاستدانوں کی کیا عزت رہ گئی۔

یہ خبر بھی پڑھیں: فاٹا سے ایک نومنتخب آزاد سینیٹر (ن) لیگ میں شامل

انہوں نے کہاں جو رہنما پارٹیوں میں بیٹھے ہیں وہ خرید و فروخت کرتے ہیں اب بتائیں پارلیمنٹ کا کتنا تقدس ختم ہوا جبکہ عوام جمہوریت اور اداروں کو بچاتی ہے کوئی فوج نہیں بچاتی۔

کپتان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں گندگی اپنی جگہ لیکن یہاں کرپشن ہے جبکہ شہر میں دہشت گردی اور خوف کی وجہ سے پڑھے لکھے لوگ سیاست میں نہیں آتے تھے۔ خوف کی وجہ سے شہر میں ترقی نہیں ہو سکی اور لوگ نوکریاں ڈھونڈنے دبئی چلے گئے۔

انہوں نے کہا کراچی کے گاڈ فادر لندن چلے گئے اور سندھ میں جو حکومت آتی ہے اسے کراچی سے کوئی دلچسپی نہیں کیونکہ انہیں یہاں سے ووٹ نہیں پڑتا۔ پیپلزپارٹی نے کراچی کو دودھ دینے والی گائے سمجھا اور شہر میں مافیا غالب ہے سب کچھ کھنڈر کر دیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ کراچیں پولیس کو تباہ کر دیا گیا اسی لیے رینجرز موجود ہے یہاں خیبرپختونخوا طرز کا پولیس سسٹم ضروری ہے۔ یہاں پیسے دے کر ٹرانسفر پوسٹنگ ہوتی ہے لیکن ہم ایک نیا نظام لائیں گے اور شہر میں مقامی حکومت کو مضبوط کرنا ہے جبکہ میئر براہِ راست منتخب ہو کر آنا چاہیے۔

مزید پڑھیں: پارٹی نشان چھیننے سے یہ کیا ہمارا نشان مٹا دیں گے، نواز شریف

چیئرمین پی ٹی آئی نے 2018 کا الیکشن کراچی سے لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے حلقے کا فیصلہ ٹیم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم خود کو وفاق کی جماعت سمجھتے ہیں اور باقی جماعتیں صوبوں تک محدود ہو گئی ہیں کیونکہ وفاق کی جو بھی جماعت ہو گی اس کے لیے ضروری ہے کہ وہ کراچی کو اٹھائے، تخت لاہور سے کراچی کو کبھی کچھ نہیں ملا۔ سندھ والوں نے بھی کوئی پرواہ نہیں کی جبکہ ہم الیکشن جیتیں گے اور کراچی ٹھیک کر کے دکھائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ 2018 کا الیکشن تاریخی ہوگا جو ملک کو بدل دے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا کہ شریف خاندان 300 کی بجائے 900 ارب روپے باہر لے کر گیا۔ یہ ان کی کل دولت ہے اب سب کو سمجھ آ جانی چاہیے کہ کیوں نکالا کا دورہ کیوں ہو رہا ہے انہیں سزا کا ڈر ہے جو انہیں ہونی ہے۔