پاکستان کی جانب سے لانگ رینج اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ

پاکستان کی جانب سے لانگ رینج اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ

کراچی: پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کی مشترکہ بحری مشق رباط کے دوران لانگ رینج اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا گیا، جسے آپریشنل صلاحیتوں میں اہم کامیابی قرار دیا جارہا ہے۔
پاک بحریہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے پی این ایس نصر سے میزائلوں کی فائرنگ کا مظاہرہ دیکھا جسے آپریشنل صلاحیتوں میں اہم کامیابی قرار دیا گیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق میزائل JF-17 تھنڈر ایئر کرافٹ اور پاک بحریہ کے F-22P فریگیٹ پی این ایس سیف سے فائر کیے گئے۔پی این ایس سیف نے سطح سمندر سے مار کرنے والا مزائل C-802 فائر کیا جبکہ پاک فضائیہ کے JF-17 تھنڈر نے ہوا سے سطح سمندر پر مار کرنے والا میزائل C-802AK فائر کیا۔

یہ بھی پڑھیں۔۔۔
سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی کے 12 اراکین 'بے وفا' نکلے

ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ دونو ں پلیٹ فارمز سے فائر کیے گئے ان اینٹی شپ میزائلوں نے اپنے اپنے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔بحیرہ عرب میں میزائل فائرنگ کا یہ تجربہ پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اس موقع پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ اور پاک فضائیہ ملکی سرحدوں کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔بعدِ ازاں پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کی جانب سے مشترکہ فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ بھی پیش کیا گیا جبکہ پاکستان نیوی کے سربراہ نے اس موقع پر پاکستان نیول فلیٹ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا بھی اظہار کیا۔