سینیٹ انتخابات میں ہر ایم پی اے کو چار کروڑ روپے رشوت دی گئی:عمران خان

سینیٹ انتخابات میں ہر ایم پی اے کو چار کروڑ روپے رشوت دی گئی:عمران خان

کراچی : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ سینیٹ کے انتخابات میں ہر ایم پی اے کو چار کروڑ کی پیش کش کی گئی ، کچھ اراکین بھی بکے ہیں جس کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں ہر رکن صوبائی اسمبلی کو چار کروڑ روپے رشوت دی گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ جمہوریت کے حالیہ انتخابات میں جمہوریت کی نفی ہوئی ہے ، افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں بھی پیسہ چلا اور اس سے بھی زیادہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ کئی لوگوں نے اپنے آپ کو بیچا ہے۔

تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ رشوت دی بھی گئی اور لی بھی گئی ہمیں یہ تو پتہ ہے کہ رشوت کس نے دی بدقسمتی کے ساتھ ہمارے پاس یہ ثبوت نہیں ہے کہ رشوت لی کس نے کیونکہ رسید لے کر تو کوئی رشوت نہیں لیتا لیکن رشوت لی تو ہے بکے تو ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کی خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے ساتھ بات ہوئی ، وہ ایک تحقیقاتی ٹیم بٹھا رہے ہیں جو اس بات کی تحقیقات کرے کہ ان کی جماعت میں سے کون کون سے لوگ بکے ہیں۔