پنجاب میں تحریک انصاف کو 40 ووٹ ملنا ن لیگ کیلئے لمحہ فکریہ ہے: محمود الرشید

پنجاب میں تحریک انصاف کو 40 ووٹ ملنا ن لیگ کیلئے لمحہ فکریہ ہے: محمود الرشید

لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما یہ ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ عوام کی عدالت نے ان کو بری کر دیا ہے۔

احاطہ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہا کہ ن لیگ یہ ثابت کرنے کی کوشش کی رہی ہے کہ عوام کی عدالت نے ان کو بری کر دیا۔ کرپٹ حکمران یاد رکھیں ادارے ملک سے کرپشن کے خاتمے کا عزم کر چکے ہیں، سینیٹ الیکشن میں پنجاب سے تحریک انصاف کو چالیس ووٹ ملنا حکومت کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ چالیس ووٹوں نے حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے، ثابت ہو گیا ارکان اسمبلی حکمراں جماعت سے تنگ ہیں، حکومتی پابندیوں کے باوجود سینیٹ الیکشن میں تحریک انصاف کو ووٹ ملے۔

اس موقع پر اپوزیشن لیڈر شریف خاندان پر خوب گرجے برسے، انکا کہنا تھا کہ شہر شہر پٹواریوں، سرکاری ملازمین کو بلا کر سرکس لگائی جا رہی ہے۔ مریم نواز کا واویلا جیل جانے کی بنیاد فراہم کر رہا ہے۔ نواز شریف عوام کو ریاستی اداروں کیخلاف بغاوت پر اکسا رہے ہیں۔ احتساب عدالت میں مقدمہ اپنے آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے، جب سابق وزیراعظم نے عدالتوں میں اپنی صفائی میں کچھ پیش ہی نہیں کیا تو سزا اور اڈیالہ ہی انکا مقدر ہیں، اب مجھے کیوں نکالا ختم، مجھے اڈیالہ کیوں ڈالا کی گردان شروع ہونیوالی ہے۔

سینٹ الیکشن سے متعلق سوال کے جواب میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ تحریک انصاف ہارس ٹریڈنگ کیخلاف ہے، پیسوں سے ایوان تک پہنچنے کی قائل نہیں۔