طیارے تباہ کروانے کے بعد مودی کی پاکستان کو نئی دھمکی

طیارے تباہ کروانے کے بعد مودی کی پاکستان کو نئی دھمکی
کیپشن: بھارت میں بم دھماکے کر کے بے گناہ لوگوں کو مارا جا رہا ہے، مودی۔۔۔۔فائل فوٹو

احمد باد: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کو دھمکی دے دی ۔ بھارتی شہر احمد باد میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن والے کہہ رہے ہیں یہ تو الیکشن والا کھیل ہے جب ہم نے پہلے سرجیکل سٹرائیک کی تھی تب کہاں الیکشن تھے؟۔

انہوں نے کہا کہ یہ میرا وعدہ ہے کہ ہم گھر میں گھس کر ماریں گے۔ کوئی بھی ملک ایسی تکلیف دہ صورتحال میں نہیں رہ سکتا جبکہ دہشت گرد چالیس سال سے بھارت کے سینے میں گولیاں داغ رہے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت میں بم دھماکے کر کے بے گناہ لوگوں کو مارا جا رہا ہے لیکن ووٹ بینک کی سیاست میں ڈوبے ہوئے لوگ قدم اٹھانے سے ڈرتے ہیں۔

نریندر مودی نے مزید کہا کہ مجھے سیاست اور کرسی کی پرواہ نہیں ہے بلکہ مجھے اپنے ملک اور لوگوں کی فکر ہے۔

خیال رہے 27 فروری کی صبح پاک فضائیہ کے طیاروں نے لائن آف کنٹرول پر مقبوضہ کشمیر میں 6 ٹارگٹ کو انگیج کیا اور فضائیہ نے اپنی حدود میں رہ کر ہدف مقرر کیے۔ پائلٹس نے ٹارگٹ کو لاک کیا لیکن ٹارگٹ پر نہیں بلکہ محفوظ فاصلے اور کھلی جگہ پر اسٹرائیک کی جس کا مقصد یہ بتانا تھا کہ پاکستان کے پاس جوابی صلاحیت موجود ہے لیکن پاکستان کو ایسا کام نہیں کرنا چاہتا جو اسے غیر ذمہ دار ثابت کرے۔

جب پاک فضائیہ نے ہدف لے لیے تو اس کے بعد بھارتی فضائیہ کے 2 جہاز ایک بار پھر ایل او سی کی خلاف ورزی کر کے پاکستان کی طرف آئے لیکن اس بار پاک فضائیہ تیار تھی جس نے دونوں بھارتی طیاروں کو مار گرایا۔ ایک جہاز آزاد کشمیر جبکہ دوسرا مقبوضہ کشمیر کی حدود میں گرا۔

پاکستان حدود میں گرنے والے طیارے کے پائلٹ کو پاکستان نے حراست میں لیا جس کا نام ونگ کمانڈر ابھی نندن تھا جسے بعد ازاں پروقار طریقے سے واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارتی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔