ہندوؤں سے متعلق متنازعہ بیان پر فیاض الحسن نے معافی مانگ لی

ہندوؤں سے متعلق متنازعہ بیان پر فیاض الحسن نے معافی مانگ لی
کیپشن: میرا مخاطب قطعی طور پر پاکستانی اقلیت ہندو کمیونٹی نہیں تھی، صوبائی وزیر۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: ہندوؤں سے متعلق متنازعہ ریمارکس پر صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا موقف سامنے آ گیا۔ فیاض الحسن چوہان نے ہندوؤں سے متعلق متنازعہ بیان پر معافی مانگ لی۔ تمام اقلیتیں پاکستان کا حصہ ہیں اور ہم سب پاکستانی ہیں۔

انہوں نے کہا میں نے بھارتی افواج اور انڈین میڈیا کو مخاطب کیا جبکہ میرے بیان سے پاکستان میں موجود ہندووں کی دل آزاری ہوئی تو معذرت خواہ ہوں۔ میرا مخاطب قطعی طور پر پاکستانی اقلیت ہندو کمیونٹی نہیں تھی۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا جو بھی میرے وطن کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا اس کو منہ توڑ جواب دوں گا۔ میرے خون کا آخری قطرہ بھی وطن کے لئے حاضر ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی فیاض الحسن چوہان کے بیان پر ناراضی کا اظہار کیا اور اسے نامناسب قرار دیدیا۔ انہوں نے دوٹوک ہدایت جاری کی کہ کسی اقلیت کے خلاف مذہبی بنیاد پر بیان برداشت نہیں کیا جائے گا۔

وزیراطلاعات پنجاب کے نازیبا ریمارکس پر پی ٹی آئی رہنماؤں اور وفاقی وزراء نے بھی سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا پاکستان میں رہنے والے ہندؤ بھی اتنا ہی پاکستان کا حصہ ہے جتنا ہر شہری ہے۔