بی جے پی کی کارکنوں کو کانگریس کیخلاف مہم چلانے کی ہدایت

بی جے پی کی کارکنوں کو کانگریس کیخلاف مہم چلانے کی ہدایت
کیپشن: کانگریس رہنما انڈین ایئرفورس کی کارروائی کو مشکوک بنا کر سیکورٹی فورسز کے حوصلے پست کر رہے ہیں، روی شنکر پرساد۔۔۔فوٹو/ بشکریہ انڈین میڈیا

نئی دہلی: بھارتی حکمراں جماعت بی جے پی اپوزیشن کی جانب سے بالاکوٹ میں نقصانات کا ثبوت مانگنے پر شدید برہم ہے اور اب بی جے پی کی اتحادی جماعتوں کی جانب سے بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

بھارتی وزیر قانون روی شنکر پرساد نے پاکستان کے خلاف کی گئی کارروائی کے ثبوت مانگنے پر کانگریس کی شدید مذمت کی اور کہا کہ کانگریس رہنما انڈین ایئرفورس کی کارروائی کو مشکوک بنا کر سیکورٹی فورسز کے حوصلے پست کر رہے ہیں۔

وزیر قانون نے کہا کہ جب سرجیکل اسٹرائیک کیا تھا تو ثبوت مانگے گئے اور اب بالاکوٹ پر حملہ کیا تو نقصان کا کانگریس کے لیڈرز ثبوت مانگتے ہیں۔ کیا انہیں اپنی ایئر فورس پر اعتماد نہیں۔

بھارتی وزیر قانون نے کہا کہ پوری دنیا میں کسی نے حملے کے ثبوت نہیں مانگے مگر کانگریس ثبوت مانگ رہی ہے۔ ثبوت مانگنے والے غیر ملکی اخبارات پر یقین رکھتے ہیں۔ اپنی فوج، ایئر فورس اور میڈیا پر نہیں۔

روی شنکر پرساد نے بی جے پی کارکنوں کو ہدایت کی کہ ہم سے ثبوت مانگنے والے سونیا اور راہول گاندھی سے جواب طلب کریں اور ملک بھر میں کانگریس کے خلاف مہم چلائی جائے۔

اس سے قبل بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی کانگریس اور دیگر جماعتوں کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات دبانے کی کوشش کی اور انہیں بھارت مخالف گردانا اور کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے سوالات سے پاکستان کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔

اپوزیشن رہنما راہول گاندھی، مامتا بینرجی اور اکلیش یادیو کی جانب سے مسلسل مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ایئر اسٹرائیک کی تفصیلات منظر عام پر لائی جائیں۔