نریندرا مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی ویب سائٹ ہیک  

نریندرا مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی ویب سائٹ ہیک  
کیپشن: فوٹو بشکریہ:ٹوئیٹر

نئی دہلی :بھارتی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی ویب سائٹ ہیک ہو گئی ، تاہم  کسی ہیکر گروپ نےویب سائٹ ہیک کرنے کا دعویٰ نہیں کیا۔ویب سائٹ پر پیغام دیا گیا کہ نریندر مودی نے عوام کو پاگل بنایا ہے اور ابھی اور بھی بہت کچھ آنا باقی ہےجس کے بعد ویب سائٹ بند کر دی گئی۔

 تفصیلات کے مطابق ، وزیر اعظم نریندرا مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی ویب سائٹ ہیک  ہو گئی ۔ کئی انٹرنیٹ صارفین نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی ویب سائٹ ہیک ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر تصاویر اپ لوڈ کیں۔

دوسری طرف بھارتیہ جنتا پارٹی نے کارکنوں  کو صبر سے کام لینے کی تلقین کی ہے ، مبینہ طور پر ہیکرز نے بی جے پی کی ویب سائٹ پر نریندر مودی کی مضحکہ خیز تصویر لگائی اور ساتھ میں ’بوہیمین ریپسوڈی‘ کا گانا بھی لگایا۔ 

 

ویب سائٹ انتظامیہ کی جانب سے پیغام جاری کیا گیا کہ کچھ تکنیکی خرابی کی وجہ سے ویب سائٹ بند ہے ، آئی ٹی ماہرین خرابی کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور جلد ہی ویب سائٹ دوبارہ بحال ہو جائے گی۔ انتظامیہ نے ویب سائٹ ہیک ہونے سے متعلق کوئی وضاحت پیش نہیں کی۔

بھارتی میڈیا نے حکمران جماعت کی ویب سائٹ ہیک ہونے پر پاکستانی ہیکرز پر شک ظاہر کیا اور کہا کہ حال ہی میں پاک بھارت کشیدگی کے دوران کئی پاکستانی ہیکرز نے بھارتی ویب سائٹس ہیک کی تھیں۔

تاہم حکمران جماعت کی ویب سائٹ ہیک کرنے والے گروہ سے متعلق کوئی معلومات حاصل نہیں کی جا سکیں۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے بی جے پی کو آڑے ہاتھوں بھی لیا اور کہا کہ جن سے ایک ویب سائٹ نہیں سنبھالی جاتی وہ ملک سنبھالنے چلے ہیں۔