پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست دےدی

پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست دےدی
کیپشن: فوٹو بشکریہ:توئیٹر

ابوظبی:  پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی اور مصباح الحق نے  شاندار پارٹنر شپ قائم کر کے قلندرز کے منہ سے جیت چھین لی۔ 

تفصیلات کے مطابق ، متحدہ عرب امارات میں جاری پاکستان سپر لیگ کے  میچ میں لاہو  قلندرز کے 125 رنز کے جواب میں زلمی کی آدھی ٹیم 20 رنز پر لوٹ جانے کے بعد سیمی اور مصباح الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 100 رنز کی شراکت داری قائم کر کے بازی پلٹ دی اور قلندرز کے منہ سے جیت چھین لی، زلمی نے مطلوبہ ہدف سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک گیند قبل 6 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ مصباح الحق نے 55 گیندوں پر 59 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

اس سے قبل میچ میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیتا اور فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے لاہور قلندرز کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، زلمی کے بولرز کے سامنے قلندرز کے بیٹسمین بے بس دکھائی دیے اور کوئی بیٹسمین بڑی اننگز نہ کھیل سکا، قلندرز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 124 رنز بنائے جس میں حارث سہیل 43 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔

کپتان فخرزمان 11، ڈوسوچ 5،  ڈوسچیتے 2، عمیر مسعود 22 اور شاہین آفریدی 2 رنز بنا کر پویلین لوٹے جب کہ وائسے 26 اور لامنچنےصفر پر ناٹ آؤٹ رہے، زلمی کی جانب سے ملز نے 3، سمین گل نے 2، ڈاؤسن  اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔