سعودیہ میں کرونا کا دوسرا کیس، شہریوں کو عمرہ ادائیگی سے روک دیا

سعودیہ میں کرونا کا دوسرا کیس، شہریوں کو عمرہ ادائیگی سے روک دیا
کیپشن: ووہان سے پھیلنے والا وائرس دنیا کے 84 سے زائد ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

ریاض: سعودی عرب میں کرونا کے دوسرے کیس کی تصدیق بھی ہو گئی۔ ریاض انتظامیہ نے اپنے شہریوں کو بھی عمرہ ادائیگی سے روک دیا۔ادھر چین میں کرونا وائرس سے مزید 31 افراد ہلاک ہو گئے۔ مرنے والوں کی تعداد 3 ہزار 12 ہو گئی۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں ووہان میں 2 ہزار 305 ہوئیں۔ چین میں 119 نئے کیسز کے ساتھ کرونا کے شکار افراد کی تعداد 80 ہزار 409 ہو گئی۔

ووہان سے پھیلنے والا وائرس دنیا کے 84 سے زائد ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے، دنیا بھر میں کرونا سے 3285 اموات اور 95 ہزار سے زائد متاثر ہیں۔ امریکا میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 11 ہو گئی۔ واشنگٹن، کیلی فورنیا اور فلوریڈا میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ امریکی ایوان نمایندگان نے کورونا سے نمٹنے کے لیے 8.3 ارب ڈالر کا بل منظور کر لیا۔

جنوبی کوریا کے وزیراعظم نے ماسک کو برآمد کرنے پر پابندی لگا دی۔ اٹلی میں ایک ہی روز میں مزید 28 افراد کورونا کا شکار ہو کر چل بسے، اس طرح مجموعی طور پر مرنے والوں کی تعداد 107 ہوگئی۔ اٹلی میں سکول 10 روز کے لیے بند کر دیئے گئے۔ آسٹریلیا میں کرونا سے دوسری ہلاکت سامنے آ گئی۔

ایران میں بھی کرونا سے 92 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ آئی ایم ایف نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر 50 ارب ڈالر کی امدادی رقم مختص کرنے کا اعلان کر دیا۔