پی این ایس نصر امدادی سامان لے کر افریقی ملک بینائن پہنچ گیا

پی این ایس نصر امدادی سامان لے کر افریقی ملک بینائن پہنچ گیا
کیپشن: پی این ایس نصر امدادی سامان لے کر افریقی ملک بینائن پہنچ گیا
سورس: file

راولپنڈی : پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس نَصر انسانی ہمدردی کے مشن پہ جبوتی اور سوڈان سے ہوتا ہوا مغربی افریقی ملک بینائن پہنچ گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کی جانب سے بینائن اور ملحقہ ملک نائجر کے قدرتی آفات سے متاثرہ عوام کو اشیائے خور و نوش پر مشتمل امدادی سامان کی فراہمی کی گئی ہے۔ امدادی سامان کا یہ تحفہ خصوصی طور پر منعقدہ تقاریب کے دوران دونوں ممالک کے حکام کے سپرد کیا گیا۔

بینائن کی بندرگاہ کوٹونو آمد پر نائجر میں تعینات پاکستانی سفیر نے مقامی حکام کے ہمراہ پاک بحریہ کے جہاز کا استقبال کیا۔  مشن کمانڈر نے دونوں ممالک کے اعلٰی سول و عسکری حکام سے ملاقاتیں کیں۔ 

ان ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔  مشن کمانڈر نے حکومت اور امیرالبحر کی جانب سے دونوں ممالک کے عوام کیلئے خیر سگالی کا پیغام بھی پہنچایا۔

میزبان حکام نے امدادی سامان کی فراہمی پر حکومت پاکستان اور پاک بحریہ کا شکریہ ادا کیا۔  پی این ایس نَصر کی جانب سے منعقدہ عشایئے میں دونوں ممالک کے اعلی حکام، سفارتی اور مقامی شخصیات نے شرکت کی۔