موسم سرما میں کے الیکٹرک صارفین کو بڑا ریلیف ملنے کا امکان، نیپرا نے منظوری دیدی

موسم سرما میں کے الیکٹرک صارفین کو بڑا ریلیف ملنے کا امکان، نیپرا نے منظوری دیدی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: موسم گرما کے دوران کراچی کے شہریوں کو بجلی کی مد میں بڑا ریلیف ملنے کا امکان ہے کیونکہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے نیشنل گرڈ سے کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی (کے الیکٹرک) کو 150 میگاواٹ اضافی بجلی فراہمی کی منظوری دیدی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کو 150 میگاواٹ اضافی بجلی کی فراہمی کی منظوری دیدی ہے، نیپرا نے سی پی پی اے، این ٹی ڈی سی اور کے الیکڑک کے درمیان سہ فریقی معاہدے کی منظوری دی جس کے تحت الیکٹرک کو تین ونڈ پاور پلانٹس سے 150 میگاواٹ بجلی فراہم کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق نیپرا کی جانب سے کے الیکٹرک کو ٹیناگا، زیپئر اور ہائیڈرو چائنہ سے 50، 50 میگاواٹ بجلی فراہم کی جائے گی۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت پہلے ہی نیشنل گرڈ سے کے الیکٹرک کو 650 میگاواٹ بجلی فراہم کر رہی ہے اور اب مزید 150 میگاواٹ بجلی فراہم کی جائے گی۔