کل پی ڈی ایم کا کوئی رکن اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا، مولانا فضل الرحمان

کل پی ڈی ایم کا کوئی رکن اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا، مولانا فضل الرحمان
کیپشن: کل پی ڈی ایم کا کوئی رکن اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا، مولانا فضل الرحمان
سورس: فائل فوٹو

سکھر: مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اپوزیشن کی عدم شرکت کے بعد اس اجلاس کی کوئی اہمیت نہیں رہے گی اور کل پی ڈی ایم کا کوئی رکن قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عدم اعتماد سینیٹ الیکشن میں یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کی صورت میں ہو چکا ہے اور کل اعتماد کے ووٹ میں ان اراکین کے ووٹ بھی شامل ہوں گے جنہیں یہ بکاو مال کہتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کے بقول سینیٹ الیکشن میں بولی لگی ہے لیکن آپ اکثریت کا اعتماد کھو چکے اور دوبارہ اعتماد لیں اور موجودہ حکومت کو عوام کا نمائندہ تسلیم نہیں کرتے جبکہ صدر مملکت بھی اعتماد کھونے کی بات کر رہے ہیں ۔ 

 مولانا فضل الرحمان  کا کہنا تھا کہ کل پی ڈی ایم کا کوئی رکن قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا اور اپوزیشن کی عدم شرکت کے بعد اس اجلاس کی کوئی اہمیت نہیں رہے گی۔ 

فضل الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم کے قوم سے خطاب میں شکست جھلک رہی تھی اور یہ جعلی مینڈیٹ سے حکومت کرتے رہے اور اب اسمبلی اجلاس بھی کر لیں۔ ہم سے کوئی رابطے میں نہیں ہے بلکہ لوگ آپ سے پوچھیں گے اور آپ نے مہنگائی کیوں کی۔ آپ نے نوکریوں کا وعدہ کرکے لوگوں سے روزگار چھین لیا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کل یعنی ہفتے کو قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کریں گے۔سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد کی جنرل نشست پر حکومت کی شکست کے بعد وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لئے صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 91 کی شق 7 کے تحت قومی اسمبلی اجلاس کل طلب کیا ہے۔