60 سال سے زائد عمر کے افراد کون سی ویکسین لگوا سکتے ہیں؟ این سی او سی نے اعلان کر دیا

60 سال سے زائد عمر کے افراد کون سی ویکسین لگوا سکتے ہیں؟ این سی او سی نے اعلان کر دیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد:  ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے 60 سال سے زائد عمر کے افراد کے لئے سائنوفارم ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دیدی ہے جبکہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی) نے اس کی تصدیق بھی کر دی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق این سی او سی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق ڈریپ کی اجازت کے بعد نیشنل امیونائزیشن مینجمنٹ سسٹم (نمز) میں رجسٹرڈ60 سال سے زائد عمر کے تمام ہیلتھ کیئر ورکرز مجاز کووڈویکسین سنٹر سے ویکسین لگوا سکتے ہیں۔

دوسری جانب ‏مہلک وبا کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد میں ایک مرتبہ پھر تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے 1579  نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں  جس کے بعد ملک میں مجموعی کورونا کیسز کی تعداد 5 لاکھ 87 ہزار 14 ہوچکی ہے جبکہ ملک میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 17 ہزار 117 ہوگئی۔

 ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید 52 افراد جان کی بازی ہار گئے جس سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 13ہزار128ہوگئی ہے جبکہ 1579 مزید افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 1551 کی حالت تشویشناک ہے۔  این سی او سی کی جانب سے ملک میں 24گھنٹے میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آنےکی شرح 4.15 فیصد بتائی جارہی ہے۔