تحریک انصاف نے کل اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے حکمت عملی تیار کر لی

تحریک انصاف نے کل اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے حکمت عملی تیار کر لی
کیپشن: تحریک انصاف نے کل اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے حکمت عملی تیار کر لی
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کیلئے اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے صدر مملکت عارف علوی کی طرف سے بلائے گئے قومی اسمبلی اجلاس کیلئے پاکستان تحریک انصاف نے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ 

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کی جانب سے ارکان کو اجلاس کے وقت سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ پی ٹی آئی اور اتحادی ارکان لابی میں اکٹھے ہوں گے۔ تمام ارکان کو قومی اسمبلی کارڈ لازمی ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے، کل ارکان کے اعزاز میں ناشتہ کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے حکومتی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 175 ارکان شریک ہوئے جبکہ 4 ارکان غیر حاضر رہے۔ پاکستان مسلم لیگ ق کے سینئر رہنما اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الٰہی، کراچی سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایم این اے عامر لیاقت، جھنگ سے پی ٹی آئی کی ایم این اے غلام بی بی بھروانہ شریک نہیں ہوئیں۔ چوتھے ارکان اسمبلی کا نام باسط بخاری ہے جن کا تعلق مظفر گڑھ سے ہے۔

اجلاس کے دوران وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے رولز پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ رولز کے مطابق مخالفت کرنے والے ارکان ڈی سیٹ ہو سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آپ کو عوام نے ووٹ کی امانت دے کر ایوان میں بھیجا ہے اور آپ ضمیر کی آواز پر فیصلہ کریں جبکہ پیسے لے کر ووٹ دینا بدیانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں سیدھی بات کرتا ہوں ہمارے 16 ارکان نے پیسے لے کر خود کو بیچا لہذا میں اگر آپ ارکان کی نظر میں غلط ہوں تو بے شک میرا ساتھ چھوڑ دیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں نے ایک مقصد لے کر سیاست شروع کی ہے جبکہ میں جمہوریت اور آزادی رائے پر یقین رکھتا ہوں جب کہ مجھے کوئی بلیک میل کر کے اپنی بات کبھی نہیں منوا سکا۔