اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے پیچھے سب سے بڑی وجہ شدت پسندی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں چوہدری فواد حسین نے لکھا کہ شدت پسندی کو دشمن ہتھیار بنالیتا ہے، شدت پسندی منبر،سکول اور تھانہ کے کردار ادا نہ کرنے کا نتیجہ ہے ،ریاست کے شدت پسندی کیخلاف بڑے اقدامات کرنے میں پارلیمان اور عدلیہ کا تعاون ناگزیر ہے ہمیں اقدام کرنے ہوں گے اس کیلئے اتفاق رائے چاہئیے۔
دہشت گردی کے پیچھے سب سے بڑی وجہ شدت پسندی ہے، شدت پسندی کو دشمن ہتھیار بنالیتا ہے،شدت پسندی منبر،سکول اور تھانہ کے کردار ادا نہ کرنے کا نتیجہ ہے ریاست کے شدت پسندی کیخلاف بڑے اقدامات کرنے میں پارلیمان اور عدلیہ کا تعاون ناگزیر ہے ہمیں اقدام کرنے ہوں گے اس کیلئے اتفاق رائے چاہئیے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) March 5, 2022
واضح رہے کہ گزشتہ روز مسجد کوچہ رسالدار میں خودکش حملہ جمعہ کی نماز کے دوران تقریباً ایک بجکر 55 منٹ پر ہوا جس کے بعد ہر طرف افرا تفری پھیل گئی ۔ افسوسناک سانحے میں اب تک 56 افراد شہید ہو چکے ہیں جبکہ 190 سے زائد زخمی ہیں۔
دھماکے کا مقدمہ درج کرنے کے لیے محکمہ انسداد دہشتگردی کو ایس ایچ او کی مدعیت میں مراسلہ ارسال کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ خودکش حملہ آور کالے رنگ کے کپڑوں میں آیا جس کے پاس پستول تھا اور مسجد میں داخل ہونے سے پہلے پولیس کو نشانہ بنایا جس کے بعد خود کش بمبار نے مسجد کے اندر موجود نمازیوں پر فائرنگ کر دی اور پھر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں دوران نماز جمعہ نمازیوں کی بڑی تعداد شہید ہو گئی اور متعدد افراد زخمی ہوئے جبکہ دھماکے سے مسجد کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔