راولپنڈی ٹیسٹ کا دوسرا روز: آسٹریلیا کیخلاف پاکستان کی بیٹنگ  جاری

راولپنڈی ٹیسٹ کا دوسرا روز: آسٹریلیا کیخلاف پاکستان کی بیٹنگ  جاری

راولپنڈی : پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی میں جاری تاریخی ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز  آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی پہلی اننگز میں بیٹنگ  جاری ہے۔اب سے کچھ دیر پہلے تک پاکستان نے محض ایک وکٹ کے نقصان پر302 رنز بنا لئے ہیں۔

پاکستان  نے کھیل کے دوسرے دن  245 رنز ایک وکٹ  پر نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی، امام الحق   نے 132  اور اظہر علی  نے 64 رنز سے کھیل  کا آغاز کیا، دونوں کے درمیان  197  رنز سے زیادہ کی شراکت ہوچکی ہے، امام الحق اس وقت 154 رنز جبکہ اظہر علی 95 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔

گزشتہ روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ اوپنر امام الحق اور عبداللہ شفیق نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 105 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم کھانے وقفے سے ایک اوور قبل نتھین لائن نے پیٹ کمنز کے ہاتھوں عبداللہ شفیق کو 44 کے انفرادی اسکور پر پویلین بھیج دیا جس کے بعد اظہر علی نے امام الحق کیساتھ مل کر شاندار اننگز کھیلی اور دن کے اختتام پر آسٹریلوی باؤلرز کے سامنے ڈٹے رہے۔

اوپنر امام الحق نے شاندار بلےبازی کا سلسلہ جاری رکھا اور کیرئیر کی پہلی ٹیسٹ سنچری اسکور کی وہ 15 چوکے اور 2 چھکوں کی مدد سے 132 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ اظہر علی نے انکا بھرپور ساتھ دیا اور 64 رنز بنا کر کریز پر موجود رہے۔ 

 واضح رہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم 24 سال بعد پاکستان کے تاریخی دورے پر ہے۔ پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان 3 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 4 سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں کھیلا جا رہا ہے۔ آسٹریلین ٹیم دورہ پاکستان کے دوران 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور ایک ٹی 20 میچ کھیلے گی۔

مصنف کے بارے میں