پشاور دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 62 ہو گئی

پشاور دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 62 ہو گئی

پشاور: خیبرپختونخوا کے دارالخلافہ پشاور میں خودکش دھماکے کے مزید پانچ زخمی دم توڑ گئے جس کے بعد شہداء کی مجموعی تعداد 62 ہو گئی ہے۔

ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کے مطابق   کوچہ رسالداردھماکے کے مزیدپانچ زخمی دم توڑ گئے،شہداکی تعداد 62ہوگئی۔ترجمان کا کہنا ہے کہ اس وقت 37زخمی اسپتال میں زیرعلاج ہیں جن میں سے پانچ کی حالت تشویشناک ہے ۔

 دوسری جانب  پشاور دھماکے کا مقدمہ ایس ایچ او کی مدعیت میں تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کیا گیا ہے، ایف آئی آر میں دہشتگردی کی دفعات کو شامل کیا گیا ہے۔

ایف آئی آرکے متن میں کہاگیاہے کہ ایس ایچ او مسجد کی سیکورٹی چیک کرنے کے بعد ساتھ کی گلی میں پہنچا تو فائرنگ کی آواز سنی۔  خودکش حملہ آور کالے رنگ کے کپڑوں میں آیا جس کے پاس پستول تھا اور مسجد میں داخل ہونے سے پہلے پولیس کو نشانہ بنایا جس کے بعد خود کش بمبار نے مسجد کے اندر  موجود نمازیوں پر فائرنگ کر دی اور  پھر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز جامعہ مسجد کوچہ رسالدار میں خودکش حملہ جمعہ کی نماز کے دوران  تقریباً ایک بجکر 55 منٹ پر ہوا جس کے بعد ہر طرف افراتفری پھیل گئی۔ افسوسناک سانحے میں گزشتہ روز شہداء کی تعداد 57 تک پہنچ گئی تھی جبکہ 190 سے زائد زخمی تھے۔

مصنف کے بارے میں