لانگ مارچ کے اختتام پر وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائینگے: خورشید شاہ

لانگ مارچ کے اختتام پر وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائینگے: خورشید شاہ

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ  لانگ مارچ کے اختتام پر قومی اسمبلی اجلاس کی ریکوزیشن اور اس کے فوری بعد وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع ہو گی۔

اسلام آباد میں موجود خورشید شاہ نےصحافیوں سے خصوصی بات چیت  کرتے ہوئے کہاکہ ریکوزیشن اور عدم اعتماد کے حوالے سے اسلام آباد میں اہم کام کرنے ہیں، جس کے لیے یہاں آیا ہوں۔

پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ ہمارا لانگ مارچ حکومت کے خلاف نہیں، صرف اور صرف عمران خان کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ  تحریک عدم اعتماد سے پہلے قومی اسمبلی اجلاس کی ریکوزیشن جمع کرائیں گے ریکوزیشن جمع کرانے کے فورا بعد وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دیں گے۔

خورشید شاہ نے کہاکہ مکمل یقین ہے عمران خان سے اس کی پارٹی کے لوگ بھی پریشان ہیں حکومت کے بارہ سے تیرہ ایم این ایز اپنا فیصلہ کر چکے ہیں  یہ حکومتی ارکان اب عمران خان کی ناکامیوں کا وزن اٹھانے کے لیے تیار نہیں۔

پی پی رہنما نے مزید کہا کہ ایک بات یقین سے کہہ سکتا عمران خان اپنی پارٹی چوہدریوں کی جھولی میں کبھی نہیں ڈالے گا گارنٹی سے لکھ لو، وہ چیف منسٹری پرویز الہی کو نہیں دے رہا تھا، پارٹی کیسے دے گا۔

واضح رہے کہ خورشید شاہ کو چیئرمین بلاول بھٹو نے لانگ مارچ چھوڑ کر اسلام آباد میں اہم ٹاسک مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی جس کے بعد پی پی رہنما  اہم مشن پر   اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔

مصنف کے بارے میں