اسلام آباد پولیس کی ٹیم عمران خان کو گرفتار کیے بغیر واپس روانہ

اسلام آباد پولیس کی ٹیم عمران خان کو گرفتار کیے بغیر واپس روانہ

لاہور : سابق وزیر اعظم عمران خان کو گرفتار کرنے کے لیے اسلام آباد پولیس زمان پارک پہنچ گئی ہے۔ پولیس ٹیم نے عمران خان کو عدالت طلبی کا نوٹس دیا گیا ہے اور گرفتاری کے بغیر واپس روانہ ہوگئی ہے۔

عمران خان کی گرفتاری کے وارنٹ ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے جاری کیے ہیں۔ ایڈیشنل سیشن جج کی طرف سے جاری کیے گئے وارنٹ پر 28 فروری کی تاریخ درج ہے۔

ایس پی اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ہم گرفتاری کرنے نہیں بلکہ قانونی تقاضے پورے کرنے آئے تھے۔ نوٹس پر دستخط کرانے گئے تھے۔ کارکنوں نے بدتمیزی کی۔

طلبی کا نوٹس عمران خان کے چیف آف سٹاف شبلی فراز  نے 12 بج کر 58 منٹ پر وصول کیا ہے۔جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ عمران خان گھر پر موجود نہیں نوٹس پر قانون کے مطابق عمل کریں گے۔

گرفتاری کی خبر نشر ہوتے ہی پی ٹی آئی کے رہنما اعجاز چودھری، فواد چودھری ،یاسمین راشد اور کارکن زمان پارک پہنچ گئے ہیں۔

واضح رہے کہ عمران خان توشہ خانہ کیس میں طلبی کے باوجود پیش نہیں ہوئے تھے اور وہ عدالت سے چند منٹ کی دوری پر تھے لیکن عدالت میں پیش ہونے سے انکار کردیا تھا۔