پاکستان کا چمن میں افغان فورسز کی فائرنگ پر تشویش کا اظہار

پاکستان کا چمن میں افغان فورسز کی فائرنگ پر تشویش کا اظہار

اسلام آباد: ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستان کو چمن باڈر پر افغان فورسز کی فائرنگ پر سخت تشویش ہے۔ پاکستان جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے۔ افغان فورسز نے مردم شماری کو نشانہ بنایا جبکہ مردم شماری کے حوالے سے افغانستان کو پہلے سے آگاہ کر دیا گیا۔

ترجمان نے واضح کیا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔ بھارت افغانستان کے مسئلے کا حل نہیں بلکہ افغانستان کا مسئلہ بھارتی کردار ہے۔ بھارت کا منفی کردار افغانستان میں مسائل بڑھا رہا ہے۔

نفیس زکریا نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج نے اپریل میں 25 کشمیریوں کو شہید کیا جبکہ 646 کشمیری آنسو گیس، لاٹھی چارج اور پیلٹ گنز کے استعمال سے زخمی ہوئے۔ بھارتی قابض افواج کی جانب سے بلیک آؤٹ کے باوجود کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں سامنے آ رہی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ کرنل ریٹائرڈ حبیب ظاہر کے معاملے پر نیپالی حکومت کیساتھ رابطے میں ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں