وزارت مذہبی امور نے قرعہ اندازی میں ناکام ہونے والے افراد کو رقوم کی واپسی کا سلسلہ شروع کر دیا

وزارت مذہبی امور نے قرعہ اندازی میں ناکام ہونے والے افراد کو رقوم کی واپسی کا سلسلہ شروع کر دیا

اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے سرکاری سکیم کے تحت حج قرعہ اندازی میں ناکام رہنے والے درخواست گزاروں سے اپنی رقوم واپس لینے کی درخواست کردی۔

تفصیلات کے مطابق وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے کہا گیا ہے کہ قرعہ اندازی میں ناکام رہنے والے افراد اپنی رقوم اپنے متعلقہ بینکوں سے واپس لے لیں۔

آج بروزجمعہ وزارت مذہبی امور کے ذرائع نے سرکاری خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہاکہ حج2017ءکی قرعہ اندازی کے بعد وزارت مذہبی امور نے قرعہ اندازی میں کامیاب ، ناکام اور ویٹنگ لسٹ میں شامل 17ہزار درخواست گزاروں کو خطوط اور ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاعات فراہم کردی ہیں۔

یہ بھی کہا گیا ہے کہ وزارت کے پاس کوئی ایسی سکیم یا کوٹہ نہیں ہے جس کی بناءپرحج کے خواہش مند افراد کو کوئی امید دلائی جاسکے۔یاد رہے کہ ہ سرکاری اسکیم کے تحت حج پرجانے والے خواہش مند افراد کی 3 لاکھ، 86 ہزار اور چھیانوے درخواستیں وصول ہوئیں جن کی قرعہ اندازی کمپیوٹر ائزڈ طریقے سے کی گئی۔

وفاقی مذہبی امور سردار یوسف کے مطابق ایک لاکھ 75 ہزار 26 افراد سرکاری اسکیم کے تحت حج ادا کریں گے۔ حج کی پروازیں یکم ذی العقد سے روانہ ہوں گی، پچاس فیصد افراد مکہ اور بقیہ کو مدینہ بھیجا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ 90 سال سے زائد عمر کے 197 افراد کو بھی منتخب کیا گیا ہے جو حج ادا کرسکیں گے۔

سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستیں حبیب بینک لمیٹڈ،یونائٹیڈ بینک لمیٹڈ، نیشنل بینک آف پاکستان، مسلم کمرشل بینک، الائیڈ بینک لمیٹڈ، زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ، بینک آف پنجاب، بینک الفلاح ،میزان بینک اور حبیب میٹرو بینک کی شاخوں میں جمع کرائی گئیں تھیں اور یہی سے یہ رقوم واپس ملیں گی۔