بھارت نے جموں کشمیر میں عوام کے خلاف باضابطہ جنگ چھیڑ رکھی ہے،کل جماعتی حریت کانفرنس

بھارت نے جموں کشمیر میں عوام کے خلاف باضابطہ جنگ چھیڑ رکھی ہے،کل جماعتی حریت کانفرنس

سرینگر: تحریک حریت جموں کشمیر کے لیڈروں پیر سیف اللہ نے جامع مسجد حیدرپورہ، راجہ معراج الدین، محمد رفیق اویسی نے جناب صاحب صورہ، تعشوق احمد بانڈے نے جامع مسجد گوئی گام، معراج الدین ربانی نے جامع مسجد لار گاندربل اور مولانا مدثر ندوی نے جامع مسجد پانتہ چھوک میں عوامی اجتماعات سے خطابات کرتے ہوئے بھارتی فورسز اور پولیس کی طرف سے طلباء اور عام لوگوں کو ظلم وتشدد کا نشانہ بنائے جانے کی سخت اور شدید الفاظ میں مذمت کی۔

انہوں نے  کہا کہ بھارت نے جموں کشمیر کی  آزادی کو بزور طاقت کچلنے کے لیے پوری فوجی طاقت جھونک دی ہے اور عوام کے خلاف باضابطہ جنگ چھیڑ رکھی ہے اور کشمیر کو ایک منصوبے کے تحت بحران کے حوالے کیا جارہا ہے۔ قائدین نے کہا کہ پُرامن احتجاج کے دوران طلباء اور طالبات کے خلاف ٹئیرگیس اور پیلٹ کا استعمال کرنا حکومت کی بوکھلاہٹ اور اعترافِ شکست ہے۔ حکمرانوں کو نوشتہ دیوار پڑھنا چاہیے کہ طاقت کی بنیاد پر کسی کو ہمیشہ کے لیے غلام نہیں بنایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی نئی نسل کو پوری طرح منتقل ہوئی ہے اور آنے والی نسل تحریک آزادی کی حفاظت کرنے اور جموں کشمیر کو بھارت کی غلامی سے نجات دلانے کا بیڑا اٹھاچکی ہے۔ بھارت کے حکمرانوں کی ہٹ دھرمی اور ظلم وجبر، قتل وغارت اور تشدد کی پالیسی نے یہاں کے جوانوں کو سڑکوں پر آکر بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے عزم وحوصلہ فراہم کیا۔

قائدین نے کہا کہ جموں کشمیر ایک پولیس اسٹیٹ ہے۔ ظلم وجبر، طاقت، دھونس، دباؤ سرکاری پالیسی کا اہم حصہ ہے، لیکن قربانیوں کی امین قوم اپنے موقف پر چٹان کی طرح ثابت قدم ہے۔ مظلوم قوم کسی بھی صورت میں بھارتی طاقت کے سامنے نہیں جھکے  گی۔

مصنف کے بارے میں