پنجاب میں لینڈ ریکارڈ پراجیکٹ کی کامیابی پرورلڈ بینک کا خراج تحسین

پنجاب میں لینڈ ریکارڈ پراجیکٹ کی کامیابی پرورلڈ بینک کا خراج تحسین

لاہور :ورلڈ بینک نے حکومت پنجاب کے کامیاب لینڈ ریکارڈ پراجیکٹ کی شفافیت اور بہتر خدمات کو سراہا ہے۔ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کیپٹن (ر) ظفر اقبال نے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر پنجا ب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی صوبہ بھر میں اراضی ریکارڈ سنٹر میں عوام کے لیے خدمات کی فراہمی کامیابی سے جاری ہے۔

پنجاب کی 143 تحصیلوں میں زرعی اراضی کا 92 فیصد ریکارڈکی کمپیوٹرائزیشن مکمل ہو چکی ہے۔ ورلڈ بینک کی طرف سے پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے لیے 85 فیصد زرعی اراضی کی کمپیوٹرائزیشن کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔ ڈی جی پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران پنجاب بھر میں تین لاکھ سے زائد اراضی مالکان کو اراضی کی ملکیت وغیرہ سے متعلق سروسز فراہم کی گئیں ۔

سوا دو لاکھ کے قریب افراد کواراضی سے متعلقہ فردات جاری کی گئیں اور چھیاسی ہزار سے زائد اراضی انتقال کیے گئے اور ستر کروڑ روپے سے زائد ریونیو حاصل کیا گیا جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ کیپٹن (ر) ظفر اقبال نے بتایا کہ عوام کی سہولت کے لیے اراضی سنٹر میں شیڈز کی تعمیر اور ویٹنگ روم میں توسیع کی جا رہی ہے۔ رجسٹری کی کمپیوٹرائزیشن کا پراجیکٹ جلد صوبہ بھر میں شروع کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق اراضی سنٹر میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے خدمات کی فراہمی کے عمل کی نگرانی کے لیے پی ایل آر اے ہیڈ آفس میں کڑی مانیٹرنگ کی جاتی ہے مانیٹرنگ کے عمل کو مزید موثر بنانے کے لیے اتھارٹی حکام اراضی سنٹر کے اچانک دورے بھی کرتے ہیں اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ غیر جانب دار ذرائع کے سروے کے مطابق زرعی زمین سے متعلق سروسز پر پرانے ریونیو نظام کی نسبت کرپشن میں 70 فیصد کمی آ چکی ہے اور عوام کو 30 سے 50 منٹ میں فرد اور انتقال کی سہولت میسر ہے۔