پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ساڑھے9 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ساڑھے9 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا
کیپشن: فوٹو نیو نیوز

اسلام آباد: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں وفاقی کابینہ کی منظوری سے قبل ہی ساڑھے 9 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے رمضان المبارک سے قبل ہی عوام پر پٹرول بم گرا دیا۔ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا نوٹیفکیشن رات گئے اچانک جاری کر دیا۔

پٹرول کی قیمت 9 روپے 53 پیسے اضافہ کے بعد 108 روپے 31 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 89 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔ جس کے بعد ایک لیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل 122 روپے 32 پیسے میں دستیاب ہو گا۔اسی طرح 6 روپے اضافہ کے بعد لائیٹ ڈیزل کی قیمت 86 روپے 94 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت بھی 7 روپے 46 پیسے اضافے کے بعد 96 روپے 77 پیسے ہو گئی۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر ٹیکس میں اضافے کی نئی شرح جاری کر دی۔ پٹرول پر گڈز اینڈ سروسز ٹیکس (جی ایس ٹی) 2 فیصد سے بڑھا کر 12 فیصد کر دیا گیا ہے جبکہ مٹی کے تیل، ہائی اسپیڈ اور لائٹ ڈیزل پر ٹیکس کی یکساں شرح 17 فیصد کردی گئی، ڈیزل پر جی ایس ٹی 13 فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد کر دیا گیا ہے۔