رضا باقر گورنر سٹیٹ بینک،مجتبیٰ میمن چیئرمین ایف بی آرمقرر

رضا باقر گورنر سٹیٹ بینک،مجتبیٰ میمن چیئرمین ایف بی آرمقرر

اسلام آباد: آئی ایم ایف کے آفیسر رضا باقر کو گورنر سٹیٹ بینک جبکہ مجتبیٰ میمن کو چیئرمین ایف بی آر مقرر کردیا گیا گیا اور اس حوالے سے نوٹی فکیشنز بھی جاری ہوچکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گورنرسٹیٹ بینک اور چیئرمین ایف بی آر کے عہدے خالی ہونے کے بعد وزارت خزانہ کے ایڈیشنل سیکریٹری مجتبیٰ میمن کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا چیئرمین اور آئی ایم ایف کے آفیسر رضا باقر کو گورنر سٹیٹ بینک مقرر کردیا ہے اس حوالے سے نوٹی فکیشنز جاری ہوچکے ہیں۔

سابق چیئرمین جہانزیب خان کی جگہ آنے والے نئے چیئرمین ایف بی آر احمد مجتبی کا تعلق پاکستان کسٹمز سروس سے ہے اور ان کا شمار بہتر ایڈمنسٹریٹر کے طور پر ہوتا ہے۔ انہیں کچھ عرصہ قبل ایڈیشنل سیکریٹری خزانہ لگایا گیا تھا، اس سے پہلے احمد مجتبی میمن ڈائریکٹر جنرل آئی او سی او کراچی تعینات رہ چکے ہیں۔

اسی طرح سابق گورنر طارق باجوہ کی جگہ آنے والے نئے گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر آئی ایم ایف کے آفیسر ہیں جو آج کل آئی ایم ایف کے مصر کے سینئر نمائندے کے طور پر تعینات ہیں ، ان کی تقرری کی ٹرمز اینڈ کنڈیشنز صدر پاکستان کی منظوری سے بعد میں جاری کی جائیں گی۔

انہیں تین سال کے لیے گورنر سٹیٹ بینک مقرر کیا گیا ہے، ان کی بطور گورنر سٹیٹ بینک تین سالہ مدت کا اطلاق ان کے چارج سنبھالنے کی تاریخ سے ہوگا۔قبل ازیں اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ جو اچھے لوگ ہیں انہیں واپس لایا جا رہا ہے، رضا باقر سمیت جو اچھے لوگ ہیں ان سے رابطے کیے ہیں۔