جاوید میانداد نے شاہد آفریدی سے ’معافی‘ مانگ لی

جاوید میانداد نے شاہد آفریدی سے ’معافی‘ مانگ لی
کیپشن: تصویر ٹوئٹر

کراچی:شاہد آفریدی کی جانب سے ’گیم چینجر ‘ میں الزامات کا جواب دینے کے لئے جاوید میانداد بھی میدان میں کود پڑے اور حیران کن طو ر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہو سکتا ہے انجانے میں مجھ سے کوئی غلطیاں ہوئی ہوں اگر بیٹنگ نہ کروانے پر آفریدی کو مجھ پر غصہ ہے تو مجھے معاف کر دیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید میانداد نے کہا کہ اگر صلاح الدین بھائی ملیں توان سے شاہد آفریدی کا پوچھیں کہ وہ کیسے تھے اور میرا ان کے بارے میں کیا خیال تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے نیچے بہت سے لڑکے کھیلے ہیں ان سے پوچھا جا سکتا ہے کہ وہ کیسے تھے انہوں نے کہا کہ سعید انور اور دیگر بہت سے کھلاڑی بھی ہیں بیشک ان سے میرے بارے میں پوچھ لیں۔

جاوید میاں داد نے کہا کہ کتاب لکھنے کے لیے تو مصالحہ چاہئے ہی ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں ہمیشہ عزت ملی ہے اور ہمیشہ اچھی عزت ملی ہے، جب وہ بیٹنگ کرنے جاتے تھے تو عوام کہتی تھی کہ اب ٹینشن ختم ہوگئی اور عوام کی دعائیں میرے ساتھ ہوتی تھیں۔

خیال رہے کہ شاہد آفریدی کی کتاب گزشتہ دنوں منظرعام پر آئی ہے جس میں انہوں نے جاوید میانداد پر شدید تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاوید میانداد انہیں پسند نہیں کرتے تھے اور ٹیسٹ میں ڈیبیو سے پہلے انہیں کوئی پریکٹس نہیں کرائی گئی تھی اور اب جاوید میانداد نے شاہد آفریدی سے معافی مانگ لی ہے۔