کورونا وائرس، پاکستان میں متاثرہ افراد کی تعداد 21 ہزار 500 سے تجاوز کر گئی

کورونا وائرس، پاکستان میں متاثرہ افراد کی تعداد 21 ہزار 500 سے تجاوز کر گئی

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 486 ہو گئی جبکہ کورونا کے مریضوں کی تعداد 21 ہزار 501 تک پہنچ گئی ہے۔ 

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ  تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1,315 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق اور 24 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ملک میں کورونا وائرس کے 5 ہزار 782 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

سندھ میں کورونا کے اب تک  7 ہزار 882 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پنجاب 8 ہزار 103، خیبرپختونخوا 3,288، بلوچستان 1,321، اسلام آباد 464، آزاد کشمیر 71 اورگلگت بلتستان میں 372 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 185 اموات ہوئی ہیں۔ سندھ میں 137، پنجاب میں 136، بلوچستان 21، اسلام آباد 04 اور گلگت بلتستان میں کورونا سے 3 افراد جاں بحق ہوئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ  تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے 173 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 9 ہزار 857  ٹیسٹ کیے گئے جبکہ کُل 2 لاکھ 22 ہزار 404  ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں۔واضح رہے کہ ملک بھر میں جاری جزوی لاک ڈاون میں نرمی کردی گئی ہے اور برآمدی صنعت کو مکمل کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم کرنے کیلئے عوام اجتماعات پر پابندی لگائی گئی ہے۔ حکومت کی جانب سے مساجد میں زیادہ سے زیادہ پانچ افراد کو نماز پڑھنے کی اجازت دی گئی ہے۔