شاہد خاقان کی حفاظتی ضمانت منظور

شاہد خاقان کی حفاظتی ضمانت منظور
کیپشن: چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے درخواست کی سماعت کی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق ایم ڈی پی ایس او غیر قانونی تقرری کیس میں شاہد خاقان عباسی کی 27 مئی تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے نیب کو لیگی رہنما کی گرفتاری سے روک دیا۔


 چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے درخواست کی سماعت کی۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نیب کی جانب سے کراچی کی احتساب عدالت میں دائر پی ایس او ایم ڈی تقرری ریفرنس میں وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد حفاظتی ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔

 عدالت نے سابق وزیر اعظم سے استفسار کیا کہ آپ کو پہلے بھی حفاظتی ضمانت دی گئی تھی جس پر شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے وہ کراچی عدالت میں پیش نہیں ہو سکے تاہم ان کے وکیل تین بار پیش ہو چکے ہیں مگر احتساب عدالت نے وارنٹ گرفتاری پر ابھی حکم امتناعی نہیں دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 27 مئی تک شاہد خاقان عباسی کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو گرفتاری سے روک دیا۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کورونا وائرس کے حوالے سے وزیراعظم کی کوئی حکمت عملی نہیں، شرح اموات بڑھ رہی ہے، ایسے میں لاک ڈاؤن میں نرمی کیسی کی جاسکتی ہے۔

خیال رہے احتساب عدالت کراچی نے شاہد خاقان عباسی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔