وزارت ریلوے کا 10 مئی سے محدود ریلوے آپریشن شروع کرنے کا اعلان

وزارت ریلوے کا 10 مئی سے محدود ریلوے آپریشن شروع کرنے کا اعلان
کیپشن: ریل کے ٹکٹوں کی 50 فیصد بکنگ آن لائن ہو گی، نوٹیفکیشن۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

راولپنڈی: وزارت ریلوے نے 10 مئی سے محدود ریلوے آپریشن شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ وزارت ریلوے کی جانب سے اس سلسلے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں ملک کے مختلف حصوں میں 15 ٹرینیں چلائی جائیں گی جن میں  خیبر میل، عوام ایکسپریس، تیزگام، اسلام آباد ایکسپریس اور دیگر ٹرینیں شامل ہیں۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سفر کے دوران مسافروں میں مناسب فاصلہ رکھنا لازم ہے جب کہ سفر کے دوران مسافر اپنا ٹکٹ سامنے رکھیں گے اور ٹکٹ چیکنگ کے دوران عملہ اور مسافر ایک دوسرے کو چھونے سے گریز کریں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ریل کے ٹکٹوں کی 50 فیصد بکنگ آن لائن ہو گی۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی وجہ سے نافذ لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع کی گئی تھی جس کی وجہ سے ملک بھر میں بین الاقوامی و علاقائی فضائی آپریشن سمیت ٹرین سروس بھی بند ہے۔

ملک بھر میں ٹرین سروس 24 مارچ سے بند ہے جس کی وزیر ریلوے شیخ رشید نے یکم رمضان سے بحالی کا عندیہ دیا تھا تاہم وفاقی حکومت نے ٹرین آپریشن بحال کرنے کی اجازت نہیں دی۔