وزراء تعلیم کا دسویں اور بارھویں کے امتحانات پہلے کرنے کا فیصلہ

وزراء تعلیم کا دسویں اور بارھویں کے امتحانات پہلے کرنے کا فیصلہ
کیپشن: وزراء تعلیم کا دسویں اور بارھویں کے امتحانات پہلے کرنے کا فیصلہ
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں ملتوی ہونے والے امتحانات کب ہونگے فیصلہ عید کے بعد ہو گا تاہم بین الصوبائی وزراء تعلیم نے دسویں اور بارھویں  کے امتحانات پہلے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزراء تعلیم کا اجلاس ہوا جس میں صوبوں کے وزرائے تعلیم نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دسویں اور بارھویں  کے امتحانات پہلے ہوں گے جبکہ نویں اور گیارہویں کے امتحانات کا فیصلہ کورونا کی صورتحال کے مطابق کیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کہا گیا کہ صوبے دسویں اور بارھویں  کے امتحانات کا شیڈول جلد جاری کریں گے۔ او اور اے لیول کے امتحانات شیڈول کے مطابق لیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں امتحان کو مختصر کرنے اور لازی کے بجائے صرف اختیاری مضامین کے پیپر لینے کی تجویر بھی سامنے آئی ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے باعث وفاقی حکومت نے 15 جون تک تمام امتحانات بشمول او اور اے لیول کے جاری امتحانات منسوخ کردیے ہیں۔

اس سے قبل اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا تھا کہ 15 جون تک تمام امتحانات منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ مئی میں ہونے والےانٹر کے امتحانات بھی ملتوی کردیے ہیں۔ مئی کے تیسرے ہفتے میں حالات کا دوبارہ جائزہ لیکر امتحانات کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ شفقت محمود نے کہا تھا کہ اے اور او لیول کے امتحانات اکتوبر اور نومبرمیں ہونگے۔