نائٹ کرکٹ کے دوران نوجوان باؤلر اچانک گرکرانتقال کرگیا

نائٹ کرکٹ کے دوران نوجوان باؤلر اچانک گرکرانتقال کرگیا
سورس: screen shot

کراچی ، شہر قائد میں کرکٹ میچ کے دوران نوجوان کھلاڑی انتقال کرگیا۔نوجوان کی موت حرکت قلب بند ہونے سے ہوئی ۔ 

تفصیلات کے مطابق  کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی نمبر تین کے 25 سالہ رہائشی حمزہ شاہد اپنے دوستوں کے ساتھ گھر کے قریب میچ نائٹ کھیل رہے تھے کہ وہ بولنگ کرانے کے دوران اچانک زمین پر گر گئے۔

دوستوں نے نوجوان کو اٹھانے کی کوشش کی مگر وہ نہ اٹھ سکا جس کے بعد انہوں نے اہل خانہ کو واقعے سے متعلق آگاہ کیا ۔

حمزہ کو اُس کے اہل خانہ اسپتال لے کر پہنچے جہاں ڈاکٹرز نے موت کی تصدیق کی۔ ایک اسپتال کے بعد مرحوم کے چچا اُسے  ایک اور نجی اسپتال لے کر پہنچے ، وہاں بھی ڈاکٹرز نے انتقال کی تصدیق کی۔اسپتال کی جانب سے جاری ہونے والے ڈیتھ سرٹیفیکٹ میں حمزہ کی وجہ موت ہارٹ اٹیک بتائی گئی ہے۔ 

نوجوان کے چچا شکیل احمد نے بتایا کہ  حمزہ مکمل صحت مند تھا مگر عارضہ قلب کی ہماری فیملی ہسٹری ہے۔ حمزہ کی تدفین شاہ فیصل کالونی میں واقع عظیم پورہ قبرستان میں کردی گئی ۔