پاکستان تحریک انصاف نے حکومتی پیشکش مسترد کر دی

پاکستان تحریک انصاف نے حکومتی پیشکش مسترد کر دی

 اسلام آ باد : تحریک انصاف نے غیرملکی مراسلے پر حکومت کے کمیشن قائم کرنے کے اعلان کو مسترد کردیا اور کہا ہے کہ صرف آزاد عدلیہ کی جانب سے بنائے گئے کمیشن کو تسلیم کیا جائے گا، تحریک انصاف حکومت کے ماتحت کمیشن بنانے کے فیصلے کو مسترد کرتی ہے۔

تحریک انصاف کے رہنمائوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ موجود حکومت کے گھبرانے کا وقت جمعہ کو ہونے والے جلسہ کے بعد سے شروع ہو گا ، فرح خان کے معاملے پر فواد چوہدری نے کہا کہ فرح پر الزام کوئی نہیں ہے اور اس کے خلاف پریس کانفرنس روزانہ ہورہی ہے، حکومت کو عمران خان کے خلاف کچھ مل نہیں رہا اس لیے ایسے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،اگر فرح خان نے کرپشن کی ہے تو اس پر کیسز کیوں نہیں بنائے جارہے؟

سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت کے ماتحت کمیشن بنانے کے فیصلے کو مسترد کرتی ہے، تحریک انصاف صرف ایک ہی کمیشن کو تسلیم کرے گی جو کہ آزاد عدلیہ کے ماتحت ہو اور اس کی کھلی سماعت ہو۔ فواد چوہدری نے مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس پر کہا کہ مریم پریس کانفرنس کرتے ہوئے بہت گھبرائی ہوئی تھیں، مریم اورنگزیب آپ نے گھبرانا نہیں ہے، آپ اتنی غصے میں کیوں ہوتی ہیں؟ آپ کے گھبرانے کا وقت  جمعہ  کے جلسے کے بعد شروع ہوگا۔

 انہوں نے کہا کہ حکومت کے دو تہائی وزیر ضمانتوں پر ہیں، جب سے یہ حکومت آئی ہے دہشت گردی کے واقعات میں 24 فیصد اضافہ ہوا ہے، فواد چوہدری نے کہاپاکستان کا سب سے اہم مسئلہ توانائی بحران ہے، ملک تین ہفتے سے توانائی کا کوئی وزیر نہیں، وزارتوں کی بندربانٹ کی وجہ سے ملک کرائسزز میں ہے۔