سرفراز احمد کو ورلڈ کپ تک کپتان برقرار رکھا جائے ، مصباح الحق

سرفراز احمد کو ورلڈ کپ تک کپتان برقرار رکھا جائے ، مصباح الحق
کیپشن: ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سرفراز احمد کیلئے بوجھ ہے / محسن حسن خان ،،،،فوٹو فائل

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کے اہم رکن و سابق کپتان مصباح الحق نے سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھنے کے حق میں فیصلہ سنا دیا۔گزشتہ دنوں پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ محسن خان نے کہا تھا کہ ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سرفراز احمد کیلئے بوجھ ہے انہیں اس ذمہ داری سے الگ کر دینا چاہیے۔

 
اس بیان کے بعد تنازع کھڑا ہوگیا تھا جس کے بعد چیئرمین کرکٹ بورڈ احسان مانی نے بھی قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو ورلڈکپ تک برقرار رکھنے کے فیصلے سے متعلق سوال پر کہا تھا کہ اس حوالے سے کرکٹ کمیٹی کی تجاویز کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔

اس حوالے سے 4 رکنی کرکٹ کمیٹی کے اہم رکن و سابق کرکٹر مصباح الحق نے سرفراز احمد کے کپتان برقرار رہنے کے حق میں فیصلہ سنایا ہے۔اسٹیٹ بینک کرکٹ گراؤنڈ کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ تک کیلئے سرفراز احمد کو کپتان بنادینا چاہیے، ان کی کپتانی میں ٹیم کامیابیاں سمیٹ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایشیاء کپ کی شکست سے کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔مصباح الحق کا کہنا تھا کہ کرکٹ کمیٹی کا کام صرف کرکٹ کی بہتری کیلئے تجویز دینا نہیں بلکہ ان پر عمل درآمد کرانا بھی ہے۔